Oct ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  •  ماہان ایئرلائنز کی پرواز میں بم نصب ہونے کی خبر جھوٹی نکلی

ایران کی ماہان ایئرلائنز کے تعلقات عامہ کے ادارے نے بتایا ہے کہ تہران سے چین جانے والی پرواز صحیح و سالم اپنے مقصد کو پہنچ چکی ہے اور اس میں بم نصب ہونے کی خبر راستے میں ہی بے بنیاد ثابت ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق، پیر کے روز ماہان ایئر کا ایئربس تین سو چالیس مسافربردار طیارہ  چین کے گوانگژو شہر کی جانب اڑان بھر رہا تھا۔ جب پائلٹ کو یہ اطلاع ملی کہ اس میں بم نصب کردیا گیا ہے، تو اس نے طیارے کا رخ ہندوستان کی جانب موڑ کر ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی۔ شروع میں ہندوستان کے ایئر ٹریفک کنٹرول  نے اسے اترنے کی اجازت نہیں دی  جس کے بعد ہندوستان کے جیٹ فائٹروں نے اسے اسکورٹ کرنا شروع کردیا ۔ 

یو این آئی خبررساں ادارے کے مطابق، کچھ دیر بعد ایرانی مسافربردار طیارے کو جے پور یا دہلی میں اترنے کا مشورہ دیا گیا تاہم اس دوران ایرانی ایئرلائن نے طیارے میں بم کی اطلاع واپس لے لی۔ اس کے بعد پائلٹ نے کہا کہ وہ طیارے کو چین میں واقع اس کی منزل پر لے جا رہے ہیں۔ 

ماہان ایرلائنز کے ادارہ تعلقات عامہ کے مطابق پائلٹ نے پرواز جاری رکھنے کا فیصلہ ایئرلائن کمپنی اور سیکورٹی کے ماہرین کی جانب سے اطلاع کی بے بنیاد ہونے کی یقین دہانی کے بعد کیا۔

کمپنی کے عہدیداروں کے مطابق، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مسافربردار طیارے میں بم نصب ہونے کی جھوٹی اطلاع ایران کی سلامتی کو متاثر کرنے اور عوام میں تشویش بڑھانے کے لئے دی گئی تھی۔

ٹیگس