Oct ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • سنی شیعہ اتحاد ایران کی فتح کا راز ہے، اسپیکر قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ہفتہ وحدت کی آمد پر سنی شیعہ اتحاد کو مختلف میدانوں میں ایران کی فتح کا راز قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک کے اہلسنت اور شیعہ بھائیوں نے مقدس دفاع اور اندرونی حوادث میں باہمی اتحاد اور جانفشانی کا مظاہرہ کرکے ایران کو مضبوط اور طاقتور بنایا ہے۔

آج صبح پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ساری دنیا کے مسلمانوں کو جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ہفتہ وحدت کے آغاز کی مبارک باد پیش کی۔
مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ ہفتہ وحدت در اصل ایران اور اسلامی انقلاب کی خدمت کے راستے میں، شیعہ اور سنی بھائیوں کے درمیان ہمدلی کی کھلی مثال ہے۔ 
محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ہم نے دفاع مقدس اور ملک میں رونما ہونے والے دیگر واقعات میں اس وحدت کا بارہا مشاہدہ کیا ہے اور جب بھی میدان میں نکلنے اور جان قربان کرنے کی بات آئی ایران کے شیعہ اور سنی بھائیوں نے ایک ساتھ اپنا لہو دے کر ایران اسلامی کا دفاع کیا ہے۔
ایران کے اسپیکر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران میں مختلف فرقوں کے درمیان پائی جانے والی ہم آہنگی اور اتحاد ہی ہماری کامیابی کا راز ہے۔ 
انہوں نے واضح کیا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی تعبیر کے مطابق برطانوی ایجنسیوں کے لئے کام کرنے والے بعض نام نہاد شیعہ اور امریکی ایجنسیوں کے لئے کام کرنے والے بعض نام نہاد سنی دونوں ایک ہی قینچی کی دو دھاریں ہیں اور ان کا کا م صرف مسلمانوں کو ایک دوسرے سے لڑانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ہی اسرائیل اور امریکہ کو فائدہ پہنچانے میں مصروف اور ایران کے اسلامی نظام کے کٹر دشمن ہیں۔
آج بارہ ربیع الاول، ایک روایت کے مطابق پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ و علیہ آلہ وسلم کا یوم ولادت نیز ہفتہ وحدت کا پہلا دن ہے۔
دنیا بھر کے اہلسنت بارہ ربیع الاول کو جبکہ شیعہ مسلمان سترہ ربیع الاول کو نبی رحمت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ و علیہ آلہ وسلم کا یوم ولادت مناتے ہیں۔ 
اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی حضرت امام خمینی رح نے تاریخ کے اس اختلاف کو مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی بنیاد بنانے کی غرض سے، بارہ سے سترہ ربیع الاول کے ایام کو ہفتہ وحدت کا نام دیا تھا۔
دوسری جانب ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شیعہ اور سنی علمائے کرام نے اپنے مشترکہ اجلاس میں حالیہ بلوؤں کی مذمت کرتے ہو‏ے، دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں باہمی اتحاد و یکجہتی کو محفوظ رکھنے اور مکمل ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سیستان و بلوچستان کے علما اور قبائلی عمائدین نے بھی اپنے اجلاس میں صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور باہمی اتحاد کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔ 
علمائے کرام اور قبائلی عمائدین اور صوبہ سیستان وبلوچستان کے عوام کے مختلف طقبات کے نمائندوں نے بھی حالیہ فسادات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر مقدس اسلامی نظام ، شہیدوں اور امام خمینی رح کی امنگوں پر قائم رہنے اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تجدید عہد کیا ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے چند روز کے دوران انقلاب مخالفین اور دشمن میڈیا کی اشتعال دلانے والی مہم سے متاثر ہونے والے بلوائی، مہسا امینی کی موت کے بہانے، ایران کے مختلف شہروں میں ہنگاموں اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر تے رہے ہیں۔

ٹیگس