ایران اور امارات کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب سے ٹیلی فونی گفتگو کے دوران، دو طرفہ تعلقات میں فروغ اور علاقائی سلامتی اور استحکام کے بارے میں بات چیت کی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور ان کے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان نے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے نئے راستے اختیار کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مشترکہ تعاون اور موثر اقدامات پر مبنی علاقائی اور بین الاقوامی استحکام کو خطے کے لئے انتہائی اہم قرار دیا ۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے خطے کے ممالک کے اقتدار اعلی کی حفاظت کے لئے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیا۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور امارات کے وزیر خارجہ کی آخری ملاقات، گذشتہ ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہوئی تھی ۔