Dec ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
  • قم میں عظیم الشان میثاق ولایت اجتماع

ایران کے شہر قم کے دینی مدارس کے طلبا کی بڑی تعداد نے میثاق ولایت نامی ایک عظیم الشان اجتماع میں شرکت کرکے، اسلامی انقلاب کے اصول و اقدار سے اپنی مکمل وفاداری کا اعلان کیا

سحر نیوز/ ایران: قم کے مدرسہ علمیہ فیضیہ میں ہونے والے اس بڑے اجتماع میں علما اور دینی مدارس کے طلبا نے اعلان کیا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور رہبر انقلاب کی ہدایات کو مشعل راہ قراردیتے ہوئے اسلامی انقلاب کے راستے پر ڈٹے رہیں گے۔ 
اس موقع پر ان طلبا نے کہا کہ ایرانی عوام نے بلوے، آشوب اور بدامنی پھیلانے والوں کی سازشوں پر پانی پھیر دیا ہے اور اب وقت آچکا ہے کہ انقلاب سے محاذ آرائی کرنے والوں کو عبرت آموز سبق سکھایا جائے۔ 
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سینیئر رکن آیت اللہ محسن اراکی نے اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تمام شرپسند طاقتوں کا ایران کے اسلامی انقلاب اور ایرانی عوام کے سامنے محاذ آرائی، دین اسلام، اسلامی جمہوریہ ایران، رہبر انقلاب اور ہمارے قومی تشخص کی حقانیت کی محکم دلیل ہے 
قابل ذکر ہے کہ ستمبر کے آخری دنوں میں مہسا امینی کے انتقال پر احتجاجی اجتماعات ہوئے تاہم یہ بات ثابت ہونے کے باوجود  کہ ان کی موت میں پولیس کا کوئی کردار نہیں تھا، کچھ شر پسند عناصر نے ایران کے متعدد شہروں میں بلوے اور آشوب کا ماحول پیدا کیا اور اس کی آڑ میں مغربی اور علاقے کے بعض ممالک کی جانب سے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر نے بھی اپنی سرگرمیاں بڑھانے کی کوشش کیں لیکن عوام نے اپنی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے اس بڑی سازش پر، جس کا مقصد ایران کے وفاق کو نقصان پہنچانا تھا پانی پھیر دیا۔

ٹیگس