تہران یونیورسٹی افغان طالبات کو داخلہ دے گی
تہران یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں تعلیم سے محروم طالبات کو داخلہ دیا جائے گا۔
سحر نیوز/ ایران: تہران یونیورسٹی کے سربراہ سید محمد مقیمی نے افغان یونیورسٹی طلبا کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان انتظامیہ کے فیصلے کے نتیجے میں افغانستان کی تمام یونیورسٹیوں کی طالبات اعلی تعلیم سے محروم ہوگئی تھیں، اسی رو سے گذشتہ ہفتے تہران یونیورسٹی کی انتظامی کمیٹی نے افغان طالبات کی تعلیم جاری رکھنے کے لئے خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا جس کے لئے فنڈز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ طالبان کی حکومت نے افغانستان کی یونیورسٹیوں میں طالبات کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے اور اس کے لئے مذہبی پابندیوں کی خلاف ورزی کا بہانہ پیش کیا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ محض تین مہینے قبل یونیورسٹیوں کے داخلے کے امتحان میں بڑی تعداد میں افغان لڑکیوں نے شرکت کی تھی اور اس وقت ایسی کسی بھی پابندی کا اعلان نہیں ہوا تھا۔