شارلی ایبدو جریدے کے توہین آمیز اقدام کی مذمت
بدنام زمانہ فرانسیسی جریدے شارلی ایبدو کی رہبر انقلاب اسلامی کی شان میں گستاخی اور توہین کے خلاف ایران کی مختلف شخصیات اور اداروں نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے ادارہ فرہنگ و اسلامی رابطے کی جانب سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پورے واقعے کی ذمہ داری فرانس کی حکومت اور اس ملک کے سیکورٹی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔
بیان میں آیا ہے کہ مغربی دنیا، آزادی اظہار کے نام پر اسلام اور آزادی کے دشمنوں کو کھلی جھوٹ دیئے ہوئے ہے جس سے دسیوں کروڑ انسانوں کے احساسات مجروح ہو رہے ہیں۔
ادارہ فرہنگ و اسلامی رابطے کے بیان میں شارلی ایبدو جریدے کے گھناؤنے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فرانس کی حکومت اور اس کے مختلف اداروں کو جوابدہ کرنے اور دنیا کے سامنے اس ملک کے حکام اور ایسے جریدوں کی حقیقت فاش کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
دوسری جانب ادارہ تبلیغات اسلامی نے بھی فرانسیسی بدنام جریدے کی حرکت کے لئے فرانس کی حکومت کو ذمہ دار ٹہرایا ہے۔
ایران کے دینی مدارس کے منتظم اعلی آیت اللہ علی رضا اعرافی نے بھی شارلی ایبدو جریدے میں رہبر انقلاب اسلامی کی توہین کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے ایران کے مختلف انتظامی اور قانونی مراکز اور اداروں سمیت تمام اسلامی ممالک اور حریت پسند رہنماؤں سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسی گھناؤنی حرکتوں کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کریں تا کہ مستقبل میں کسی میں ایسی دل آزاری کی جرات تک پیدا نہ ہوسکے۔