برطانیہ اور یورپ کے خلاف ایران کا جوابی اقدام
ایران کی وزارت خارجہ نے ایران کے بعض اداروں اور شخصیات کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کی جانب سے بھی جلد ہی برطانیہ اور پورے یورپ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا جائے گا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اس نکتے پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران بھی برطانیہ اور یورپ کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے، کہا کہ یورپ اور برطانیہ کے ایران مخالف اقدامات ایران میں پائے جانے والے حقائق سے ان کی ناواقفیت اور ذہنی ناتوانی نیز ایران کے بڑھتے وقار کے مقابلے میں ان کی بوکھلاہٹ کا آئینہ دار ہیں۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ برطانیہ اور پورا یورپ اس بات کو بخوبی جانتا ہے کہ ان کی عائد کردہ پابندیوں سے ایران کی حکومت اور قوم کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور وہ ایران مخالف تمام سازشوں کا نہ صرف مقابلہ کرتی رہیں گی بلکہ ان سازشوں کو ناکام بھی بناتی رہیں گی۔
واضح رہے کہ مغرب کی جاری ایران دشمنی کے تحت تئیس جنوری کو یورپی کونسل نے ایران کی سینتیس شخصیات اور اداروں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔