ایران کے وزیر خارجہ کی ازبکستان کے صدر سے ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر سے ملاقات کی ۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے ازبکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت میرضیایف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں علاقائی اورعالمی مسائل اور دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے تاجک ہم منصب سراج الدین مہرالدین سے بھی تاشقند میں ملاقات کی اور دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
"ECO" کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہر سال منعقد ہوتا ہے، جس کی میزبانی رکن ممالک میں سے ایک کرتا ہے۔
پیر کے روز ایرانی وزیر خارجہ اس اجلاس میں شرکت کے مقصد سے ازبک دارالحکومت تاشقند پہنچے ۔ اقتصادی تعاون تنظیم میں 10 ممالک ایران، پاکستان، ترکی، افغانستان، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان، قازقستان، جمہوریہ آذربائیجان اور ترکمانستان شامل ہیں۔
تنظیم کے رکن ممالک کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہے اور اس خطے میں تجارتی رکاوٹوں کو بتدریج دور کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔
ایکو تجارت، نقل و حمل، توانائی، سیاحت، پیداوار، اقتصادی ترقی، تعاون، شراکت داری اور تعلیمی پروگراموں کی استعداد کو بڑھانے، نقل و حمل اور مواصلات کے ترقیاتی پروگرام کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔