اصفہان ڈرون حملہ اسرائیل کا کام تھا: امریکہ
ایران کے شہر اصفہان میں گزشتہ روز ہوئے ڈرون آپریشن میں ہمارا کردار نہیں بلکہ اسرائیل کا ہے، یہ اعتراف امریکی حکام نے کیا ہے۔
سحر نیوز/دنیا: امریکی روزنامے وال اسٹریٹ جرنل نے اتوار کے روز امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ اُنہوں نے ایران کے شہر اصفہان میں وزارت دفاع کے ایک ورکشاپ پر ہوئے ڈرون حملے میں اپنے کردار کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن کا ذمہ دار اسرائیل تھا۔
امریکی روزنامے نے بعض اعلیٰ عہدے داروں کے حوالے سے مزید لکھا کہ اس حملے کا مقصد ایران کے ایٹمی اور عسکری پروگرام کو مہار اور محدود کرنا تھا۔
ابھی تک امریکی ذرائع کی اس خبر پر خود صیہونی حکومت کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کی شب ایران کے اصفہان شہر میں واقع وزارت دفاع کے ایک صنعتی ورکشاپ کے حدود میں دھماکے کی آواز سنائی دی اور اس سلسلے کی ایک فوٹیج بھی منظر عام پر آئی جس کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت دفاع نے بتایا کہ یہ مائکرو ڈرون طیاروں یا کواڈ کاپٹروں کے ذریعے مرکز پر ایک حملہ کرنے کی کوشش تھی جسے وہاں نصب دفاعی سسٹم نے ناکام بنا دیا۔
دفاعی کارروائی کے دوران اس دہشت گردانہ حملے میں استعمال ہونے والے ایک مائکرو ڈرون طیارے کو ایئرڈیفنس یونٹ نے مار گرایا جبکہ دھماکہ خیز مواد سے لیس دو اور مائکرو ڈرونز کو دفاعی جال میں پھنسا کر تباہ کردیا گیا۔