Jan ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۶ Asia/Tehran
  • صدر ایران اور کابینہ کے اراکین کا بانی انقلاب اسلامی سے تجدید عہد

صدر مملکت اور کابینہ کے اراکین نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے مزار پرحاضری دی ۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چوالیسویں سالگرہ کے موقع پر آج صبح  اپنی کابینہ کے ہمراہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کی امنگوں کے ساتھ تجدید عہد کیا۔

ایران کے اسلامی انقلاب کی قابل فخر کامیابی کی 44 ویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات "عشرۂ فجر" کا آغاز کل یکم فروری بروز بدھ سے ہو گا۔

اس سے قبل آج صبح قائد انقلاب اسلامی نے بانی انقلاب اسلامی اور شہدائے انقلاب کے مزارات پر حاضری دی، انکے لئے فاتحہ خوانی کی اور انکے علو درجات کی دعا کی۔

اس موقع پر صدر ایران نے اپنے مختصر خطاب میں نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ بانی انقلاب اسلامی کی شخصیت اور انکی خصوصیات سے آشنا ہوں اور انہیں اپنی کامیاب زندگی کے لئے اپنے طور طریقے کی زینت بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد انقلاب اسلامی کی آج بانی انقلاب کے مزار پر حاضری بھی اسی لئے تھی کہ ہمیں یہ معلوم ہو کہ آج بھی ہمیں امام خمینی (رح) کی شخصیت اور انکے رقم کردہ خطوط پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دشمن کے تمام تر حربوں اور سازشی مںصوبوں کے باوجود ایران کا اسلامی انقلاب زمانے میں آج بھی جلوہ گری کر رہا ہے اور اسکے تحرک، دوام اور بالیدگی کی وجہ بانی انقلاب اسلامی کا خلوص، پیغام کی حقانیت اور عوام کی وفاداری ہے۔

ٹیگس