Feb ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۴:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران صیہونی حکومت کی دھمکی یا غلط اقدام کا مناسب وقت پر فیصلہ کن جواب دے گا

اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے موجودہ چیئرمین کے نام الگ الگ خط میں کہا ہے کہ تہران اپنی قومی سلامتی کا دفاع اور صیہونی حکومت کی طرف سے کسی بھی دھمکی یا غلط اقدام کا مناسب وقت اور جگہ پر فیصلہ کن جواب دینے کا اپنا جائز اور قانونی حق محفوظ رکھتا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے صیہونی حکام کے حالیہ بیانات کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے موجودہ چیئرمین کے نام خط میں لکھا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت ایران کی وزارت دفاع کے ورکشاپ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی ذمہ دار ہے اور اس کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور قابل مذمت ہے۔
اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے اکتیس جنوری کو سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں اس نے ایران میں تخریب کاری اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں اسرائیل کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا یہ بات زور دے کر کہی کہ صیہونی حکومت کو اپنے تمام مجرمانہ اقدامات کا حساب چکانا اور اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 
سلامتی کونسل کے موجودہ چیئرمین کے نام ایران کے مستقل نمائندے کے خط میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل عالمی ادارے کے منشور کی پاسدارای کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کرے اور صیہونی حکام کے جنگ پسندانہ بیانات کی مذمت اور اس حکومت کو عالمی قوانین کا پابند بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں اس کے خطرناک منصوبوں اور تخریب کارانہ اقدامات روکنے کا مطالبہ کرے۔ 
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے کے خط میں یوکرین کے موجودہ تنازعے کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف کی ایک بار پھر وضاحت کی گئی ہے جو فعال غیر جانبداری اور یوکرین کی خودمختاری،اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے احترام پر مبنی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے وزرات دفاع کے ورکشاپ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کےبارے میں ایک اعلی یوکرینی عہدیدار کے اشتعال انگیز اور ناقابل قبول بیان اور اس کی جانب سے ایران کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف طاقت کے استعمال کا خیر مقدم کیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور اقدامات اقوام متحدہ کے منشور کے کھلم کھلا منافی ہیں۔ 
قابل ذکر ہےکہ اٹھائیس اور انتیس جنوری کی درمیانی رات ایران کے صوبے اصفہان میں واقع ایران کی وزارت دفاع کے ایک ورکشاپ پر تین مائیکرو ڈرون کے ذریعے سے ناکام حملہ کیا گیا تھا جس میں سے ایک کو ایئر ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا تھا جبکہ دو دیگر الیکٹرانک جامنگ سسٹم کے جال میں پھنس کر تباہ ہوگئے تھے۔

ٹیگس