Feb ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
  • ایرانی نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی شمخانی دورے پر ماسکو روانہ

ایرانی سپریم لیڈرکے نمائندے اورنیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ علی شمخانی علاقائی سیکورٹی کی پانچویں نشست میں شرکت کےلئےآج صبح ماسکو روانہ ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/ ایران: فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر کے نمائندے اورنیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ علی شمخانی ماسکو میں علاقائی سلامتی کے عنوان سے ہونے والے پانچویں اجلاس میں شرکت کےلئے آج صبح تہران سے ماسکو روانہ ہوگئے ہیں۔

افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے  اعلی حکام، سیکورٹی ماہرین، مشیر  اوردوسری اہم شخصیات  افغانستان  کی سیاسی، اقتصادی اورسیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس اجلاس کے دوران علی شمخانی دوسرے ممالک کے اپنے ہم منصب افراد سے باہمی دلچسپی ، علاقائی اوربین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ  اپنے ماسکودورے کے دوران روسی نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے جس کا گزشتہ اجلاس تہران میں پچھلے ماہ منعقد ہوا تھا اور اس ملاقات میں دونوں چیف ایران روس کے درمیان مشترکہ منصوبوں میں جاری پیشرفت، اقتصادی ، ٹیکنالوجی، تجاری ہمکاری پر بھی بات چیت کریں گے۔

اپنے ماسکو دورے کے دوران علی شمخانی روسی فیڈریشن کے دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

یاد رہے کہ علاقائی سیکورٹی معاملات کے بارے میں باہمی گفتگواورجلسوں کا آغاز ایران کی کوششوں سے شروع ہوا تھا جس کا پہلا اور دوسرا اجلاس تہران میں، تیسرا اجلاس نئی دلی اورچوتھا اجلاس تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں منعقدہوا تھا اور اس کا پانچواں اجلاس اب ماسکو میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ 

ٹیگس