امریکہ کے دو سابق فوجیوں نے جنرل سلیمانی کی قبر پر حاضری دینے کے بعد کیا کہا؟
امریکہ کے سابق فوجیوں نے کرمان میں شہداء کے مزار پر حاضری دی اور شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سحر نیوز/ ایران: امریکہ کے دو سابق فوجیوں اور ایک سابق امریکی سفارتکار نے کرمان میں گلزار شہدا نامی قبرستان پہنچ کر شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر امریکی فوج کے ایک سابق افسر اسکاٹ بینٹ نے کہا کہ میں دعا کرنے اور کچھ سیکھنے کے لیے ایران آیا ہوں، اور میں صرف اتنا کہہ رہا ہوں کہ میں نے وہ چیزیں بھی نہیں دیکھیں اور نہ سنیں جو اللہ نے اپنے پیاروں کیلئے رکھی ہیں، خدا سے دعا کرتا ہوں کہ وہ جنرل قاسم سلیمانی، دیگر شہداء اور ان کے اہل خانہ پر رحمتیں نازل فرمائے اور ایران کے عوام کو سلامت رکھے۔
انکے ہمراہ ایک امریکی وکیل، مصنف، سیاسی مبصر اور سابق امریکی سفارتکار، مائیک اسپرنگ مین نے بھی کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی قبر کی زیارت میرے لئے بہت زیادہ باعث فخر ہے۔
امریکی بحریہ کے ایک سابق افسر کرنل او کیف نے بھی اس موقع پر کہا کہ میں خلیج فارس کی پہلی جنگ میں شریک تھا اور اُس وقت میں نوجوان تھا، مجھے زیادہ تجربہ نہیں تھا، لیکن میں آہستہ آہستہ سمجھدار ہو گیا اس لیے میں اپنی گناہوں کا کفارہ ادا کرنے کے لیے یہاں حاضر ہوا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں ایران میں پیدا ہوتا اور دیکھتا کہ دشمن دیواروں سے پھلانگ کر میرے گھر میں داخل ہوا ہے تو میں یقینی طور پر جنرل قاسم سلیمانی کے ساتھ کھڑا ہوتا اور میں براہ راست ان کا ساتھ دیتا اور ان کی راہ میں اپنی جان دیتا، اس لئے کہ مجھے معلوم ہے کہ وہ ایک مثالی انسان تھے۔