چینی مسجد میں صدر ایران نے نماز ادا کی (تصاویر)
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اپنے تین روزہ دورۂ چین کے دوران بیجنگ کی ایک مسجد میں نماز بھی ادا کی۔
سحر نیوز/ایران: صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اپنے تین روزہ دورۂ چین کے دوران تمام تر مصروفیت کے باوجود کچھ وقت چینی مسلمانوں سے ملاقات اور ان سے گفتگو سے مخصوص کیا۔ سید ابراہیم رئیسی چین کی ایک تاریخی مسجد ’’دونگ سی‘‘میں پہنچے، وہاں علما سے گفتگو کی اور مسجد کے اہل سنت امام کی قیادت میں نماز بھی ادا کی۔
’’دونگ سی‘‘ مسجد چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع ہے اور چین کی قدیمی ترین مساجد میں شمار ہوتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مسجد کا قیام یوان دور حکومت میں اب سے ساڑھے چھے صدی قبل سنہ 1356 میں عمل میں لایا گیا۔ اس مسجد کے شبستان کے اطراف کی دیواروں کے اوپر قرآنی آیات کو کندہ کیا گیا ہے۔
اسکے علاوہ اس مسجد میں بہت سی قدیمی اور تاریخی اشیا اور نوادرات بھی موجود ہیں جن میں سے ایک چھے صدی پرانا دست نوشتہ قرآن کریم ہے۔ مسجد کے اندر پانچ سو افراد کی گنجائش موجود ہے اور یہ مسجد ’’انجمنِ اسلامی بیجنگ‘‘ کے مرکز کے بطور بھی پہچانی جاتی ہے۔