ایران اپنی پرامن ایٹمی مصنوعات برآمد کرنے کے لئے تیار
ایران کی ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران اپنی پر امن ایٹمی صنعت کی پیداوار کو دوسرے ممالک کو برآمد کرنے کے لئے تیار ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے انتیسویں قومی ایٹمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے لئے مسقبل کی پلاننگ مکمل کرلی گئی اور اس صنعت کے لئے ضروری پلیٹ فارم تیار کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر اس سلسلے کی قومی صنعت میں ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے ٹارگیٹ کو حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹیوں اور ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے درمیان تعاون میں مزید ہماہنگی پر زور دیا۔
محمد اسلامی نے گذشتہ ایک سال کے دوران ایران کی ایٹمی صنعت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران ایرانی ایٹمی سائنسدانوں نے ایک ایسا پاؤڈر تیار کیا ہے جو بڑے آپریشنوں میں خون کے بہاؤ کو روکنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معالجاتی پاؤڈر کو وزارت صحت کی تائید حاصل ہوچکی ہے اور اسے برآمدی مارکیٹوں میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت اسلامی جمہوریہ ایران میں ایٹمی توانائی کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے اور تحقیقاتی مواقع اور سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور ریڈیو ادویات اور ایٹمی صنعت میں استعمال ہونے والی مشینریوں اور وسائل کی برآمدات میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے۔
محمد اسلامی نے بتایا کہ اس سال پہلی بار ایرانی کمپنیوں اور مراکز نے ایٹمی توانائی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تین بین الاقوامی نمائشوں میں بھی شرکت کی ہے۔