Mar ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران کی بندر گاہ چابہار علاقے کی اقتصادی رونق کا ذریعہ

ایران کے چابہار آزاد علاقے کی تنظیم کے سربراہ نے چابہار کی اسٹریٹیجک پوزیشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی یہ بندر گاہ نہ صرف ایران بلکہ پورے علاقے کی اقتصادی رونق کا بہترین ذریعہ ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے چابہار آزاد علاقے کی تنظیم کے سربراہ امیر مقدم نے جاپان کے سفیر سے گفتگو میں چابہار کی اسٹریٹیجک پوزیشن اور سیاحت و صنعتی ٹرانزٹ کی توانائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی یہ بندرگاہ سمندر تک مختلف ملکوں کی رسائی اور تجارتی ٹرانزٹ کی حیثیت سے علاقائی سطح پر اقتصادی رونق کا بہترین ذریعہ ہے۔

انھوں نے رواں سال میں چابہار پیٹروکیمیل کے پہلے فیز کے افتتاح کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ چابہار کا آزاد علاقہ ایران میں پیٹرو کیمیکل صنعت کا تیسرا اہم مرکز ہے۔

انھوں نے اس بندرگاہ کے توسیعی منصوبوں منجملہ چابہار زاہدان ریلوے لائن اور اس کی بدولت شمال جنوب کوریڈور کا تذکرہ کرتے ہوئے ایران کے مشرقی پڑوسی ملکوں کے لئے ایک محفوظ تجارتی راستے سے متعلق اس آزاد علاقے کی اہمیت پر زور دیا۔ 

واضح رہے کہ ایران کے جنوبی صوبے سیستان و بلوچستان کی چابہار بندرگاہ واحد ایسی بندرکاہ ہے جو بحر ہند میں بحیرہ مکران کے کنارے واقع ہے اور اپنی اسٹریٹیجک پوزیشن کی بنا پر افغانستان، ترکمنستان، ازبکستان، تاجیکستان، قرقیزستان اور قزاقستان جیسے خشکی میں واقع ملکوں کی سمندر تک دسترسی اور باہمی تجارت کا آسان اور محفوظ ذریعہ ہے۔

ٹیگس