Mar ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • دشمن ایران کی ترقی و پیشرفت کو روکنے میں ناکام و نامراد رہا: صدر رئیسی

ایران کے صدر نے ملک کے خلاف دشمن کی دھونس دھمکی اور ظالمانہ پابندیوں کو بے سود اور ناکام قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: خبررساں ایجنسی ایران پریس کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے بوشہر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی عوام کے خلاف دشمن کی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتا کہ ایرانی قوم آزادانہ زندگی بسر کرے، دھونس دھمکی اور ظالمانہ پالیسیاں اور پابندیاں نہ ماضی میں کارگر ثابت ہوئیں اور نہ ہی اب کامیاب ہوں گی۔

صدر ایران نے انقلاب اسلامی کی فتح کے آغاز سے لے کر اب تک دشمنوں کی بے شمار سازشوں اور فتنوں کا ذکر کیا اور کہا کہ دشمن نے کوشش کی کہ مسلط کردہ جنگ، منافقانہ فتنہ، اور ظالمانہ پابندیوں اور سڑکوں پر ہونے والے فسادات سے ایرانی قوم کی تحریک کو روکے یا کم از کم اسے کمزور کرے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوا اور نہ ہی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہونا چاہیے جنہوں نے خلوص کے ساتھ اپنی جانیں قربان کیں، اس ملک کی آزادی، سلامتی اور امن و امان کے قیام کیلئے ایرانی قوم نے اس ملک کا دفاع کیا اور آج اس ملک کا مثالی اتحاد اور ہم آہنگی بھی انہی شہادتوں اور قربانیوں کی مرہون منت ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے جنوبی پارس میں عظیم آئل ریفائنری کے گیارہویں فیز کے جلد فعال ہونے کی خوش خبری سناتے ہوئے کہا کہ دشمن چاہتا تھا کہ ہماری اقتصادی ترقی منفی ہو، ملک کی تجارت اور اس کے پڑوسیوں اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات خراب اور انکے ساتھ ملک کی تجارت متاثر ہو، لیکن آج وہ دیکھ رہے ہیں کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور معاشی اور تجارتی توازن مثبت ہے جبکہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہماری تجارت میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس