Mar ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • سفارتی میدانوں میں ایران کو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں، وزیرخارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے تہران کو سفارتی میدانوں میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور علاقے اور ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مثبت تعاون کی فضا وسیع تر ہوتی جارہی ہے


اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ڈیپلومیٹک جشن نوروز کے موقع  پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے سفارتی میدانوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں 
انہوں نے کہا کہ ہم نیا ایرانی سال ایک ایسے وقت شروع کررہے ہیں جب سفارتی اور ڈیپلومیٹک میدانوں میں یکے بعد دیگر کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں 
انہوں نے کہا کہ ڈیپلومیٹک جشن نوروز  منعقد کرنے کا مقصد ایران میں متعین غیر ملکی سفیروں اور سفارتکاروں کو ایران کی قومی ثقافت اور آداب و رسومات سے زیادہ سے زیادہ آشنا کرانا ہے ۔  ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں بہت سے ریکارڈ یونسکو میں درج کرائے گئے ہیں  
انہوں نے کہا کہ نوروز کی تاریخ اتنی پرانی اور اتنی زیادہ ہے کہ برسہا برس تک اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور نوروز کی ثقافت اور ایرانی آداب و رسومات کو دنیا والوں کے سامنے متعارف کرنے کے لئے طویل عرصہ درکار ہے 
واضح رہے کہ چودہ سو دو ہجری شمسی سال کا ڈیپلومیٹک جشن نوروز وزارت خارجہ کے ڈیپلومیٹک کلب میں منعقدہوا جس میں ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اور تہران میں متعین غیر ملکی سفیروں اور سفارتکاروں اور دیگر نمائندہ دفاتر کے مندوبین نے بڑی تعداد میں شرکت کی 
دوسری جانب ایران اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں اہم ترین دوطرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی 
وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش اوغلو سے گفتگو میں علاقے اور ہمسایہ ملکوں کے مثبت باہمی تعاون کو خطے میں امن و استحکام کی زمین کا راستہ ہموار ہونے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بین الاقوامی سطح پر بھی آپسی تعاون میں اضافہ ہوگا - ترکیہ کے وزیرخارجہ نے بھی ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کے دوبارہ بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے  عالم اسلام کا موقف اور زیادہ مستحکم اور علاقے کے مسائل کے حل میں مدد کے لئے اسلامی ملکوں کے تعاون میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوگا - دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اسی طرح علاقے اور دنیا کے دیگر اہم مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا 
 

ٹیگس