ایران وسوئزرلینڈ کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو، یوکرین بحران کےحل میں مدد کےلئے تیار ہیں، امیر عبداللہیان
ایران اور سوئزرلینڈ کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سوئٹزرلینڈ کے وزیرخارجہ ایگنازیو کاسیس سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران اور سوٹئزرلینڈ کے تاریخی اور اچھے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران دونوں ممالک کے درمیان تیسرے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے وزیرخارجہ کی طرف سے نئے شمسی سال اور ماہ مبارک رمضان کے آغاز پر مبارک باد کے پیغام کا شکریہ ادا کیا۔
امیر عبداللہیان نے سعودی عرب میں ایران کے مفادات کے تحفظ کے لئے سوئٹزرلینڈ کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ طے شدہ تاریخ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفارت خانے کھولنے کی غرض سے مذاکرات کے لئے آمادہ ہے۔
انہوں نے یوکرین جنگ کے حوالے سے ایران کا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ جاری رہنے کے مخالف ہیں اور اس بنیاد پر جنگ کے ختم ہونے میں ہر طرح سے مدد کےلئے تیار ہیں۔
سوئزرلینڈ کے وزیرخارجہ نے ایران کی حکومت اور قوم کو نوروز اور ماہ مبارک شروع ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ایران سعودی عرب سفارتی تعلقات کی بحالی علاقے میں امن و استحکام کے لئے بہت اہم موقع ہے اور انہوں نے یوکرین کے حوالے سے صلح کے قیام کےلئے ایران کے موقف کا استقبال کیا۔