صیہونی فضائیہ کے حملے میں شام میں تعینات ایرانی فوجی مشیر شہید
دمشق کے مضافات میں صیہونی فضائیہ کی جارحیت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک فوجی مشیر میلاد حیدری شہید ہوگئے
سحر نیوز/ ایران: جمعے کی صبح ہونے والے اس حملے میں دمشق کے مضافات میں واقع الدیماس علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے اس سلسلے میں ایک بیان جاری ہوا ہے جس میں صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیتوں اور مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی کی مذمت کی گئی اور ایک ملک کی خودمختاری پر دراندازی کرنے والی تل ابیب کی صیہونی حکومت کے سامنے اقوام متحدہ کی لاپرواہی اور بے عملی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے میلاد حیدری کی شہادت پر صیہونی حکومت کو سخت انتباہ دیا ہے کہ تل ابیب کو اس مجرمانہ اقدام کی سزا بھگتنا پڑے گی۔
سپاہ پاسداران نے اعلان کیا ہے کہ انتقامی کارروائی حتمی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ میلاد حیدری سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے رکن تھے اور دمشق کی درخواست پر شام کی فوج کو مشاورت دے رہے تھے۔