Apr ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • تہران کی قرآنی نمائش کے بین الاقوامی شعبے کا افتتاح آج، ہندوستان و پاکستان کی شرکت

تہران کی قرآنی نمائش کے بین الاقوامی سیکشن کا آج افتتاح ہونے جا رہا ہے جس میں ہندوستان اور پاکستان بھی شرکت کر رہے ہیں۔

سحر نیوز/ایران: آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق تہران کی قرآنی نمائش کے بین الاقوامی شعبے کے ڈائریکٹر عبد الرضا سلطانی نے کہا کہ آج وزیر ثقافت و ہدایت اور دیگر اعلیٰ ثقافتی عہدے داروں کی موجودگی میں اس شعبے کا افتتاح ہوگا۔

سلطانی نے مزید کہا کہ اس شعبے میں شریک مختلف ممالک کتابت، مصوری اور کیلیگرافی کے شعبے میں اپنے فنکاروں کے فن پاروں کو پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ورک شاپس کا بھی اہتمام کریں گے جہاں شائقین کو قریب سے مختلف فنون و ہنر سے آشنا ہونے کا موقع ملے گا۔

اس نمائش میں ممبئی، نئی دہلی، لاہور کے علاوہ تیونس بوسنیا، الجزائر، انڈونیشیا، تنزانیا، کینیا، عمان اور ملیشیا کے فنکار اپنی تخلیقات اور فن پاروں کے ساتھ شریک ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ فلسطین، فرانس اور برطانیہ کے کچھ ثقافتی مراکز بھی اس نمائش میں حاضر ہیں۔ ساتھ ہی عراق، روس، الجزائر، تیونس، ملیشیا، پاکستان، سری لنکا، عمان، لبنان، اور افغانستان کی جانب سے قرآنی و روایتی تخلیقات، فن پاروں اور مصنوعات کو بھی اس نمائش میں پیش کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ تہران کی تیسویں بین الاقوامی قرآنی نمائش کا افتتاح "تجھے پکارتا ہوں" سلوگن کے ساتھ ہفتے کے روز صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کے ہاتھوں ہوا ۔ امام خمینی عیدگاہ میں منعقدہ اس قرآنی نمائش کا سلسلہ پندرہ اپریل تک جاری رہے گا۔

ٹیگس