تہران ریاض تعلقات کی بحالی، نئے باب کا آغاز: ایران سعودی وزرائے خارجہ
ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے تہران ریاض سفارتی تعلقات کی بحالی کو دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ و برادرانہ تعلقات اور ہمہ گیر تعاون کے نئے باب سے تعبیر کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ملاقات میں دونوں ہمسایہ، دوست اور برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی رمضان المبارک کے مہینے میں ریاض تہران رسمی تعلقات کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور سمجھوتوں پر عملدرآمد کے لیے اپنے ملک کی آمادگی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کے نئے دور سے پورے خطے میں مثبت ماحول پیدا ہوا ہے اور ریاض حکومت تہران کے تعاون سے اس ماحول کو مزید تقویت دینے کے لیے تیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ملاقات کی اور مشترکہ بیان پر دستخط کئے ہیں۔ دونوں ممالک نے تہران اور ریاض میں سفارت خانے دوبارہ کھولے جانے پر اتفاق اور باہمی تعاون کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔