فلسطین کی موجودہ صورتحال پر ایران کا اقوام متحدہ اور او آئی سی کے نام مراسلہ
ایران نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہوں کے نام الگ الگ مراسلہ ارسال کر کے صیہونی حکومت کے جارحانہ اور انتہا پسندانہ اقدامات پر اپنی گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
سحر نیوز/ایران: فارس نیوز کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ایٹونیو گوتریش اور اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سربراہ حسین ابراہیم طاھا کے نام الگ الگ مراسلہ تحریر کیا جس میں انہوں نے فلسطینی قوم کے خلاف صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات، منجملہ قتل و غارت، فلسطینیوں کی گرفتاری اور ان کے مکانات و اموال کی تاراجی اور لوٹ مار کو انسانی حقوق اور تمام بین الاقوامی ضابطوں کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی قوم کے خلاف ناجائز صیہونی حکومت کے انتہاپسندانہ اور بہیمانہ اقدامات اور ان کے حقوق کی پامالی کی سخت مذمت کرتا ہے۔
امیر عبد اللہیان نے یوکرین جنگ میں الجھی عالمی رائے عامہ کی غفلت سے غاصب صیہونی حکومت کے ناجائز فائدہ اٹھانے اور انسانی حقوق کے اداروں اور انسانی حقوق کے دعوے دار ممالک کی بے عملی اور خاموشی کو سخت ہدف تنقید بنایا اور عالمی برادری بالخصوص اسلامی حکومتوں کی جانب سے فلسطین کی حمایت میں فوری اور مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔
وزیر خارجہ ایران نے علاقے میں پائیدار صلح کے قیام کی تنہا راہ، فلسطین پر غاصبانہ قبضے کے مکمل خاتمے، تمام فلسطینی جلاوطنوں کی وطن واپسی اور فلسطین میں مقامی باشندوں کی شرکت سے ایک آزاد ریفرینڈم کو قرار دیا۔
ساتھ ہی انہوں نے فلسطین کی مظلوم اور نہتی قوم کے دفاع کے مقصد سے دوست اور مسلمان ممالک کے ساتھ تعاون اور مشترکہ اقدامات کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل آمادگی کا اعلان بھی کیا۔