Apr ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران کی سلامتی کے خلاف اقدام تل ابیب اور حیفا کی تباہی کو رقم کرے گا: صدر ایران

ايران کے دارالحكومت تہران سميت ملک بھر ميں آج يوم مسلح افواج کے موقع پر مسلح افواج كی شاندار پريڈ ہوئی اور قومی جوش و جذبے كے ساتھ اس دن کو منايا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: یوم مسلح افواج کے موقع پر آج دارالحکومت تہران میں واقع اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی (رح) کے مزار کے سامنے شاندار پریڈ منعقد ہوئی جہاں ایران کی مسلح افواج نے اپنی دفاعی توانائیوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ بیرونی اور خاصطور سے امریکی افواج کو ایران کی مسلح افواج کا پیغام یہ ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے کو ترک کر کے چلی جائیں۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج علاقے کی سلامتی کی ضامن ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کا علاقائی ملکوں کو صلح و دوستی کا پیغام ہے اور ایران علاقے کی سلامتی کا تحفظ کرنے والے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج علاقے کی سلامتی کی ضامن ہیں جبکہ اغیار کی موجودگی سے امن و سلامتی میں کوئی مدد نہیں مل سکتی۔

صدر ایران نے علاقائی اقوام کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید کی کہ ایران کی مسلح افوج ہمیشہ علاقے میں امن و عوامی فلاح و بہبود کے درپے رہیں گی تاکہ علاقے کی اقوام کو کسی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سید ابراہیم رئیسی نے تاکید کی کہ اسلامی انقلاب کے دشمنوں اور خاص طور سے غاصب صیہونی حکومت کو جان لینا چاہئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اگر ترچھی نظروں سے دیکھنے کی کوشش کی تو ہماری مسلح افواج کے سخت ترین ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

صدرمملکت نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کی سلامتی کے خلاف کوئی معمولی سا بھی اقدام تل ابیب و حیفا کی تباہی پر منتج ہو گا۔

دوسری جانب یوم مسلح افواج کی مناسبت سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں امن و استحکام کا مرکز ہے اور وہ چاہتا ہے کہ علاقے میں امن و صلح کے لئے ہی دفاعی ہتھیاروں کو بروئے کار لایا جائے۔

جنرل سلامی نے علاقے میں ایران کی ممتاز پوزیشن اور علاقائی و عالمی سطح پر ایران کی مضبوط دفاعی طاقت و توانائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی یہی پوزیشن علاقے میں اس کے امن و استحکام کا مرکز قرار پانے کی وجہ بنی ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں آج یوم مسلح افواج ہے جس دن ایران کی مسلح افواج کی خدمات کی قدردانی کی جاتی ہے۔ اسی مناسبت سے فوجی پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں ایرانی اور مقامی ساختہ ہتھیاروں کی نمائش بھی کئی گئی۔ایرانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے فضا میں پروازیں بھریں۔

قابل ذكر ہے كہ 18 اپريل (29 فروردين) کو ايران ميں مسلح افواج کا قومی دن ہے اور اس دن کی مناسبت سے ہر سال ايران کے دارالحكومت تہران سميت ملک بھر ميں مسلح افواج كی شاندار پريڈ ہوتی ہے اور قومی جوش و جذبے كے ساتھ  اس دن کو منايا جاتا ہے۔

ٹیگس