Apr ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران کے دشمنوں کے اقدامات ناکامی سے دوچار ہوں گے: ایرانی حکومت کے ترجمان

اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرمی نے کہا ہے کہ ایران کی ارضی سالمیت اور ترقی اور ایرانی قوم کے اتحاد و یکجہتی کے خلاف دشمنوں کا ہراقدام ناکام ہو گا۔

سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرمی نے طبس پر امریکہ کے فوجی حملے کے دن کی مناسبت سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ تاریخ گواہی دیتی ہے کہ چاہے سنجیدہ فوجی اقدامات ہوں، چاہے مضحکہ خیز سیاسی اتحاد، ایران کی ارضی سالمیت اور ترقی اور ایرانی قوم کے اتحاد و یکجہتی کے خلاف دشمنوں کا ہر اقدام ناکام ہو گا اور ایران روز بروز زیادہ ترقی کرے گا۔ 

واضح رہے کہ چوبیس اپریل انیس سو اسی کو ایران کے صحرائے طبس میں امریکہ کا فوجی آپریشن ناکامی سے دوچار ہوا تھا اور وہ اپنے تباہ شدہ طیارے اور ہیلی کاپٹر اور فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگ گیا تھا ۔ امریکہ نے یہ ناکام آپریشن چار نومبر انیس سو اناسی کو تہران میں اپنے سفارت خانے سے کہ جو جاسوسی کے اڈے میں تبدیل ہو چکا تھا، گرفتار ہونے والے جاسوسوں کو چھڑوانے کے لیے انجام دیا تھا جو خدا کی مدد و نصرت سے غیرمتوقع طور پر ریت کا طوفان آنے کی وجہ سے ناکام ہو گیا تھا۔ 

تہران میں اس وقت کے امریکہ کے سفیر ولیم سولیوان نے صحرائے طبس پر امریکہ کے فوجی حملے کو امریکہ کی قومی تحقیر و توہین کا دور قرار دیا اور کہا کہ کارٹر حکومت کے نامعقول اقدامات کی وجہ سے امریکی سفارت خانے کے افراد کو یرغمال بنایا گیا اور امریکہ کی قومی توہین کا دور شروع ہوا کہ جس کی امریکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔

ٹیگس