ترکیہ؛ کشتی کے عالمی مقابلوں میں ایرانی پہلوانوں کو مزید چار تمغے
ترکیہ میں جاری کشتی کے عالمی مقابلوں میں ایرانی پہلوانوں نے مزید چار رنگ برنگے تمغے اپنے نام کر لئے۔
سحر نیوز/ایران: ارنا نیوز کے مطابق ترکیہ چیمپیئنز کپ کے تحت گریکو رومن کشتی کے بین الاقوامی مقابلے اتوار کے روز ترکیہ کے شہر انتالیہ میں شروع ہوئے ہیں جس میں گزشتہ روز ایران کے چار پہلوانوں نے اپنے جوہر دکھاتے ہوئے مزید چار تمغوں پر اپنا قبضہ جما لیا۔
امیر رضا دہ بزرگی نے ساٹھ کلوگرام کی کیٹیگری میں سونے، ابوالفضل چوبانی نے ستاسی کلوگرام کی کیٹیگری میں چاندی اور محمد عشیری نے ساٹھ اور ابوالفضل پایدار نے ستاسی کلوگرام کی کیٹیگری میں کانسی کے تمغے حاصل کئے۔
اس سے قبل ایران کے دو پہلوان اپنے ترک حریفوں کو ہرا کر دو سونے کے تمغے حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ علی احمدی وفا نے پچپن کلوگرام اور اہورا بویری نے سڑسٹھ کلوگرام کی کیٹیگری کے فائنل راؤنڈ میں نو ایک سے اپنے ترک حریفوں کو پچھاڑ کر سونے کے تمغے حاصل کئے تھے۔