اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کا دمشق میں پرتپاک استقبال
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اپنے تاریخی دورے پر شام پہنچ گئے جہاں دمشق میں پیپلز پیلس میں شام کے صدر بشار اسد نے ان کا انتہائی پرتپاک سرکاری استقبال کیا
سحرنیوز/عالم اسلام:صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی شام کے صدر بشار اسد کی دعوت پر دو روزہ دورے پر جب دمشق پہنچے تو شام کے صدر کے پیپلز پیلس میں ان کا سرکاری استقبال کیا گیا۔
استقبالیہ تقریب میں پہلے دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد دونوں ملکوں کے صدور نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ صدر سید ابراہیم رئیسی اور بشار اسد نے اپنے اعلی رتبہ حکام کا تعارف کرایا۔
استقبالیہ تقریب کے بعد دونوں ملکوں کے صدور کی سربراہی میں اعلی رتبہ حکام کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی اپنے دورہ شام کے دوران ایران اور شام کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت اور ان سے بات چیت کریں گے۔
شام میں مقیم ایرانیوں کے ساتھ ملاقات اور مقدس مقامات کی زیارت بھی صدر مملکت کے دورے کے پروگراموں میں شامل ہے۔ تیرہ سال کے بعد کسی بھی ایرانی صدر کا شام کا یہ پہلا دورہ ہے۔
قبل ازیں شام کے لئے روانہ ہونے سے قبل تہران ہوائی اڈے پر صدر رئیسی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج علاقے میں یہ بات سب پر واضح ہو چکی ہے کہ ایران دشمنوں کے مقابلے میں استقامت و پامردی کا ستون ہے اور سبھی ممالک اس مضبوط ستون پر اعتماد کر سکتے ہیں - انہوں نے شام کے ساتھ ایران کے تعلقات کو غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ دونوں ہی ممالک اپنے تعلقات کو اور زیادہ مستحکم و مضبوط بنانے کا عزم رکھتے ہیں