غاصب صیہونی حکومت کے مزید گستاخ ہونے کی وجہ عالمی اداروں کی خاموشی ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ پر صیہونی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ ۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صیہونی جارحیت یوم نکبت کے موقع پر انجام پائی ہے جس سے مقبوضہ بیت المقدس، غزہ اور غرب اردن میں فلسطینی جوانوں اور فلسطین کی تحریک استقامت کے مقابلے میں اس کے بے بس ہونے کا پتہ چلتا ہے اور اس صیہونی جارحیت کا اصل مقصد اپنی اندرونی بحرانی صورت حال اور خلفشار سے توجہ ہٹانا ہے۔
انھوں نے تاکید کی کہ فلسطینی قوم کے خلاف غاصب صیہونی حکام کی جارحیت پر عالمی اداروں کی خاموشی ان غاصبوں کے مزید گستاخ ہونے کا باعث بنی ہے جبکہ صیہونی حکومت نے فلسطینیوں کے خلاف جارحانہ اقدامات تیز کر کے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ اس کی نسل پرستانہ جارحیت کا سلسلہ بند نہیں ہوا ہے جبکہ اس کے اس قسم کے اقدامات، عالمی برادری کی پیشانی پر کلنگ کا ٹیکہ ہیں اور یہ جارحیت انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں کے ریکارڈ میں درج رہے گی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صیہونی جارحیت اور مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام بند کرانے کے لئے اسلامی ملکوں کی ہم آہنگی سے موثر اور فوری طور پر دفاعی اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔