امارات ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات بڑھائے گا: اماراتی وزیر کا اعلان
متحدہ عرب امارات شمال جنوب ٹرانزٹ کوریڈور اور مشترکہ تجارت کے سلسلے میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
سحر نیوز/ ایران: متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی اور بنیادی تنصیبات سہیل المزروعی نے ایران کے روڈ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے وزیر مہرداد بذرپاش سے ملاقات کے دوران کہا کہ امارات ، ایران سے جانے والے شمال جنوب ٹرانزٹ کوریڈور سے بھرپور استفادہ کر سکتا ہے۔ اس ملاقات کے موقع پر مہرداد بذرپاش نے بھی اعلان کیا کہ آئندہ دو سال میں ایران کے جنوبی ساحلوں کے کوریڈور کا کام مکمل ہوجائے گا۔
مغربی ایشیا کی بین الاقوامی ریلوے کانفرنس کے موقع پر ایران کے وزیر نقل و حمل اور شہری آبادکاری نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایران میں غیرملکی سرمایہ کاری کا راستہ ہموار کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے خلیج فارس تعاون کونسل کے کوآرڈینیشن کمیٹی کے سیکریٹری جاسم محمد البدیوی سے خصوصی ملاقات کے دوران کہا کہ ایران میں سرمایہ کاری کے متنوع اور مناسب مواقع موجود ہیں جس کا خلیج فارس کے اطراف کے ممالک بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔
جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ بہت جلد ایران کے ساتھ تعاون میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے اس موقع پر تہران کے دورے پر مبنی اپنی خواہش ظاہر کی۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر نقل و حمل نے، امارات اور ایران کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے سربراہ کی دعوت پر، ابوظہبی میں ہونے والی بین الاقوامی ریلوے کانفرنس اور نمائش میں شرکت کی۔