پڑوسی ممالک اچھی ہمسائیگی کا مظاہرہ کریں، ایران
ایران کی سرحدی سیکورٹی فورس کے کمانڈر نے تاکید کی ہے کہ پڑوسی ملکوں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اچھی ہمسائیگی کی پابندی کریں اور اس بات کی ہرگز اجازت نہ دیں ان کی سرزمینوں سے ایران کی سرحدی سیکورٹی کے خلاف کوئی کاروائی کی جاسکے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی سرحدی سیکورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر احمد علی گودرزی نے پیر کے روز ٹیلیویژن پر گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ پڑوسی ملکوں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اچھی ہمسائیگی کی پابندی کریں چونکہ ایران ایک حد تک ہی صبر و تحمل سے کام لے سکتا ہے بنابریں پڑوسی ملکوں کو چاہئے کہ اس بات کی ہرگز اجازت نہ دیں کہ ان کی سرزمینوں سے ایران کی سیکورٹی کے خلاف کوئی کاروائی کی جاسکے۔
ایران کے شہید ہونے والے پانچ سیکورٹی اہلکاروں کے جلوس جنازہ اور آخری رسومات ایران کے صوبے سیستان و بلوجستان کے اعلی حکام، سرحدی سیکورٹی فورس کے ڈپٹی کمانڈر، شیعہ و سنی علمائے کرام اور غیور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت سے صوبائی صدر مقام زاہدان میں انجام پائیں۔
ہفتے کی رات دہشت گرد دشمن عناصر نے پاکستان کی سرزمین کو استعمال اور ایرانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دہشت گردانہ اور بزدلانہ اقدام کیا اور سراوان کی سرحد سے حملہ کیا جس پر ایران کے دلیر اور بہادر سرحد محافظ جوانوں نے مزاحمت کا مظاہرہ کیا تاہم یہ دہشت گرد عناصر پاکستان کے علاقے میں فرار ہو گئے۔
اس موقع پر ہونے والی جھڑپ میں ایران کے سرحد محافظ پانچ جوان شہید اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔