اوپیک کے ارکان اتحاد کے ذریعے مغربی ممالک کو اختلاف ڈالنے سے روکیں: رئیسی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ اتحاد کے ذریعے مغربی ممالک کو اختلاف ڈالنے سے روکیں۔
سحر نیوز/ ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے ہفتے کے روز اوپیک کے سیکرٹری جنرل ہیثم الغیص سے ملاقات میں کہا کہ بعض مغربی ممالک اوپیک کے رکن ملکوں کے درمیان اختلاف اور تفرقہ ڈالنا چاہتے ہیں ۔ اوپیک کے رکن ملکوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اندر اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنا کر اس کے راستے میں رکاوٹ بنیں ۔
انھوں نے کہا کہ اس تنظیم کے ارکان کا ایک دوسرے کے ساتھ تعمیری تعاون اس بین الاقوامی تنظیم کی کارکردگی کی کامیابی میں ایک اہم عامل کی حیثیت رکھتا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ اس تنظیم کے ساتھ تعمیری تعاون کیا ہے اور ایران کا مقصد اس تعاون کو جاری رکھنا اور اسے مضبوط بنانا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ اوپیک تنظیم کی تشکیل کا مقصد تیل پیدا کرنے والے ممالک کے حقوق کی حمایت اور ان کے خلاف امتیازی رویے کو روکنا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اوپیک تنظیم اپنے کام اور سرگرمیوں کے موجودہ دور میں تیل کی مارکیٹ کی صورت حال کو کنٹرول کر کے اس میں استحکام لا سکتی ہے۔
اوپیک کے سیکرٹری جنرل ہیثم الغیص نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اوپیک کے بانی رکن کی حیثیت سے ہمیشہ اس تنظیم کے ساتھ مفید، موثر اور تعمیری تعاون کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ اوپیک کے ارکان میں اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا ہے۔
اوپیک کے سیکریٹری جنرل نے تیل کی مارکیٹ کی تازہ ترین صورت حال بیان کرتے ہوئے کہا کہ اوپیک کے ارکان میں اتفاق رائے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری تعاون اور حمایت سے ہم تیل کی مارکیٹ میں استحکام لا سکتے ہیں۔