ایران عمان تعلقات کا فروغ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عمان کے سلطان سے ملاقات میں خطے میں صیہونی حکومت کے خطرات کی طرف سے خبردار کرتے ہوئے اسلامی ممالک کی قربت اور باہمی روابط کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے پیر کو اپنے وفد کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔ آپ نے اس ملاقات میں ایران اور عمان کے روابط میں فروغ کو دونوں ملکوں کے فائدے میں قرار دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ نے سلطان عمان سے ملاقات میں خطے میں صیہونی حکومت کے خطرات کی طرف سے خبردار کرتے ہوئے فرمایا کہ غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی پالیسی علاقے کے ملکوں میں اختلاف و تفرقہ ڈالنا اور امن و استحکام کو غارت کرنا ہے، بنابریں علاقے کے تمام ملکوں کو چاہئے کہ اس مسئلے پر بھرپور توجہ دیں ۔
آپ نے امید ظاہر کی کہ اسلامی حکومتیں،اپنے رابطوں کو فروغ دے کر اپنی شان و شوکت اور عظمت و وقار کو بحال کریں گی اور اسلامی ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھا کر، پوری اسلامی دنیا اور سبھی مسلم اقوام کے مفاد میں کام کریں گے۔اس ملاقات میں جس میں صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی بھی شامل تھے، عمان کے سلطان نے بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عمان کی پالیسیوں کو پڑوسی ملکوں منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر استوار قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ تہران میں ہونے والے مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا اور توقع کی جاتی ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ماضی سے کہیں زیادہ فروغ پائیں گے ۔
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید اور ان کے ہمراہ وفد پیر کے روز رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کے بعد تہران سے روانہ ہو گیا ۔
یاد رہے کہ عمان کے سلطان اتوار کے روز ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ، تہران و مسقط کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی مزید تقویت اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کی پالیسیوں کے دائرے میں تہران پہنچے تھے ۔ انھوں نے اپنے اس دورے کے پہلے روز صدر ایران کی جانب سے سعد آباد میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کے بعد سید ابراہیم رئیسی سے خصوصی ملاقات کی جبکہ دونوں ملکوں کے سیاسی و اقتصادی وفود نے بھی تبادلہ خیال کیا۔
عمان کے سلطان کے اس غیر معمولی دورے میں مختلف اقتصادی، سرمایہ کاری، توانائی اور اسی طرح آزاد علاقوں میں تعاون کی چار دستاویزات پر دستخط ہوئے۔ ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ نے بھی ایک پریس کانفرنس میں تہران مسقط تعاون میں فروغ کے لئے ایک جامع اسٹریٹیجک منصوبہ تیار کئے جانے کی خبر دی۔