برکس ممالک ایران کے ساتھ مستحکم اقتصادی تعلقات کے خواہاں: حسین امیرعبداللہیان
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ برکس کے اصلی رکن ممالک برکس کے عنوان سے نئے اتحاد کے دائرے میں دو طرفہ تعاون کے علاوہ مستحکم تجارتی و اقتصادی تعلقات رکھے جانے کے خواہاں ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبد اللہیان نے جو جنوبی افریقہ کے دورے پر ہیں، برکس گروپ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بارے میں کہا ہے کہ اس اجلاس کی ابتدائی کارروائی میں برکس گروپ میں ایران کی رکنیت کے بارے میں جائزہ لیا گیا.انھوں نے بتایا کہ اس گروپ کے پانچ اصلی رکن ممالک ایران کی رکنیت کے حق ہیں ۔
ایران کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ برکس گروپ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں انھوں نے مختلف عالمی مسائل میں ایران کا موقف بیان کیا ۔ انھوں نے کہا کہ برکس کے اصلی رکن ممالک برکس کے عنوان سے نئے اتحاد کے دائرے میں دو طرفہ تعاون کے علاوہ مستحکم تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔
برکس گروپ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں روس، چین، ہندوستان، جنوبی افریقہ اور برازیل کے دوست ملک کی حیثیت سے ایران نے بھی شرکت کی اور یہ اجلاس کیپ ٹاؤن میں منعقد ہوا۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے برکس گروپ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر مختلف ملکوں منجملہ سعودی عرب، ہندوستان، امارات، برازیل اور کومور کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حج کے فریضے کی ادائیگی کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے ایرانی زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات کی قدردانی کی۔
اس ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی پیشرفت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک میں سفارت خانے کھولے جانے اور سفیروں کے تعین کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کے تعلقات نئے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جو دونوں ملکوں کی قوموں اور پورے علاقے کے مفاد میں ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعے کی شام برکس اور اسکے دوست ممالک کے اجلاس کے موقع پر جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔ اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے تجارتی و اقتصادی تعاون کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح برازیلی وزیر خارجہ سے ملاقات میں برازیل کے صدارتی انتخابات میں ڈیسلوا کی کامیابی پر ایک بار پھر مبارک باد پیش کی اور اس اطمینان کا اظہار کیا کہ اس نئے دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات زیادہ سے زیادہ فروغ پائیں گے۔
برازیلی وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں امید ظاہر کی کہ ایٹمی مذاکرات میں پیش رفت ہوگی اور ایران کے خلاف پابندیوں کا خاتمہ ہو گا ۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے سے دو طرفہ تعلقات کی مزید تقویت کا راستہ ہموار ہو گا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح برکس وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر روس، متحدہ عرب امارات، کومو روس کے وزرائے خارجہ اور کیوبا کے نائب صدر سے بھی الگ الگ ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات و تعاون کی تقویت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ برکس تنظیم کے رکن اور ان کے دوست ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جنوبی افریقہ کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن میں منعقد ہوا ہے جس میں جنوبی افریقہ، برازیل، روس، ہندوستان، چین، آرجنٹائنا، بنگلادیش، کوموروس، کیوبا، برونڈی، کانگو، مصر، گیبن، گینی بیسائو، انڈونیشیا، قزاقستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یوروگوئے کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی ۔ دنیا کی پانچ بڑی ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس کہلاتی ہے جس کے برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ رکن ممالک ہیں۔