ایران کی ترقی و پیشرفت کا سلسلہ جاری، ہائپر سونک میزائل کی رونمائی
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ہائپر سونک میزائل کی آج رونمائی کی گئی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے ہائپر سونک میزائل فتاح کی آج صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی اور سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادہ کی موجودگی میں رونمائی کی گئی۔
ہائپر سونک میزائلوں کا شمار ان جدید ترین ہتھیاروں میں ہوتا ہے کہ جو آج امریکہ روس اور چین جیسے ممالک تیار کر کے استعمال کر رہے ہیں۔
ہائپر سونک میزائلوں کی رفتار حرکت کے وقت آواز کی رفتار سے پانچ سے پچیس گنا زیادہ ہوتی ہے کہ جو ایک اعشاریہ چھے کلومیٹر سے لے کر آٹھ کلومیٹر فی سیکنڈ ہے۔ دوسرے لفظوں میں کہا جا سکتا ہے کہ ہائپر سونک میزائلوں کی رفتار ساڑھے تین ہزار میل فی گھنٹہ یا پانچ ہزار چھے سو تینتیس کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
آواز کی رفتار سے پانچ سے پچیس گنا زیادہ تیز رفتار ہونا، ریڈیائی لہروں کو روکنا، راستے کو تبدیل کرنا، راڈار سے بچ نکلنا اور اس کے راستے کے بارے میں اندازہ نہ لگا سکنا ہائپر سونک میزائلوں کی اہم خصوصیات میں شامل ہے۔
ان میزائلوں کو ان اہداف کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے کہ جو طویل فاصلے پر موجود ہوتے ہیں یا وہ اہداف کہ جن کو تیزی کے ساتھ تباہ کیا جانا ضروری ہے۔ بی ففٹی ٹو جیسے اسٹریٹجک جنگی طیارے اور طویل فاصلے پر موجود دفاعی میزائیل سسٹم ان اہداف میں شامل ہیں ۔ ہائپر سونک میزائلوں میں اسکریم جیٹ (Scramjet) انجن استعمال ہوتے ہیں کہ جو انھیں انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ ہدف تک لے جا سکتے ہیں۔