غاصب صیہونی حکومت کو کس بات سے خوف لاحق ہے، رہبر انقلاب اسلامی نے نشاندہی کردی
رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ اور ان کے ہمراہ وفد نے ملاقات کی۔
سحر نیوز/ ایران: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ آج غاصب صہیونی حکومت کو 70 سال پہلے کے حالات سے بالکل مختلف حالات کا سامنا ہے۔ آج غاصب صہیونی حکومت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور اسے یہ خوف لاحق ہو گئی ہے کہ وہ 80 سال نہیں دیکھ سکے گی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کی حالیہ جنگ میں جہاد اسلامی کی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے، صیہونی حکومت کے اس وقت کے حالات کو، ستر سال پہلے کے حالات کے مقابلے میں بہت الگ بتایا اور کہا کہ صیہونی دشمن آج پسپائي اور ردعمل کی پوزیشن میں ہے اور ان حالات سے پتہ چلتا ہے کہ فلسطین کے استقامتی گروہ اور جہاد اسلامی نے راستے کو صحیح طریقے سے پہچان لیا ہے اور وہ پوری ہوشیاری کے ساتھ اس راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں۔
رہبرِ انقلابِ اسلامی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جب تک خطرات کا سامنا نہ کیا جائے اہداف اور عظیم کاموں کا حصول ممکن نہیں ہوگا، فرمایا کہ آج خدا کے فضل وکرم سے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں اور جہادِ اسلامی کی طاقت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور غاصب صہیونی حکومت کی حالیہ 5 روزہ جنگ میں شکست اس بات کی تصدیق کرتی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے سیاسی اور جدوجہد کے میدانوں میں وحدت عمل کے لیے فلسطین کے مزاحمتی گروہوں کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے بہت اہم بتایا اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطین کے عوام اور مزاحمتی گروہوں کی مدد اور حمایت جاری رہنے پر زور دیا۔
اس ملاقات میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے اسلامی جمہوریہ کی جانب سے فلسطین کے عوام اور ان کی جدوجہد کی مستقل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، مقبوضہ فلسطین کے تازہ حالات خاص طور پر غزہ کی پانچ روزہ جنگ میں صیہونی حکومت کی شکست کے بعد کے حالات، غرب اردن کی صورتحال اور اس علاقے میں مزاحمتی گروہوں کی برتر پوزیشن کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی اور کہا کہ جہاد اسلامی تنظیم، غزہ کی جنگ میں سربلند رہی اور ہمیں امید ہے کہ عنقریب ہی ہم حتمی فتح اور قدس شریف کی آزادی کا مشاہدہ کریں گے۔