Jun ۱۸, ۲۰۲۳ ۰۶:۱۲ Asia/Tehran
  • سعودی وزیر خارجہ کا اپنے دورۂ ایران پر مسرت کا اظہار

سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات اور مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے دورہ تہران پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: فیصل بن فرحان نے تہران پہنچنے کے بعد اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات اور مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ سیاسی، سرحدی اور اقتصادی کمیٹیوں کی تشکیل پر اتفاق کیا ۔ ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے اسی کے ساتھ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام نیز ماحولیات کے تحفظ سمیت مختلف میدانوں میں تعاون پر اتفاق کی خبر بھی دی ہے۔دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اپنے تہران اجلاس میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں بھی یکساں موقف پر زور دیا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ روابط کے فروغ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ 

ایران اور سعودی وزرائے خارجہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے کمیشن تشکیل دی گئی ہے۔ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے امور پر مذاکرات جاری ہیں۔ حمل و نقل اور سیاحت کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عبداللہیان نے سعودی ہم منصب سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے 100 دنوں کے اندر اعلی سطحی ملاقات پر خوشی ہوئی۔ دونوں ملکوں نے ریاض اور تہران میں سفارت خانوں کے ساتھ ساتھ جدہ اور مشہد میں قونصل خانے کھولنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے کمیشن تشکیل دی گئی ہے۔ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے امور پر مذاکرات جاری ہیں۔ حمل و نقل اور سیاحت کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔

عبداللہیان نے مزید کہا کہ خطے کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ خطے کا امن و امان علاقائی ملکوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اقتصادی اور دیگر امور میں امنیت اور سیکورٹی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ نے ایرانی حکومت اور وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب دونوں خطے کے اہم ممالک ہیں اس لیے دونوں کے تعلقات کی بحالی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ان اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے باب کھلیں گے۔

انہوں نے کہا ایرانی صدر کو سعودی شاہ کا سلام اور پیغام پہنچاوں گا اور ان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو حجاج بیت اللہ کی میزبانی پر فخر ہے ۔ سعودی حکومت حجاج کی خدمت رسانی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ہم ایرانی حاجیوں کو سرزمین وحی میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر حاجیوں کی بہترین میزبانی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کیپ ٹاؤن اور دیگر مقامات پر سعودی ہم منصب کے ساتھ ملاقاتوں کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے سنجیدہ ہیں۔

عبداللہیان نے کہا کہ خطے میں اقتصادی، سیاسی ، اجتماعی اور تجارتی امنیت ایجاد کرنے کی ضرورت ہے۔ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فلسطین عالم اسلام کا اہم اور مشترکہ مسئلہ ہے۔

انہوں نے سوڈان کی خانہ جنگی کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے مختلف اداروں کے ساتھ اس حوالے سے قریبی رابطے میں ہیں۔

آخر میں سعودی وزیرخارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بحال ہونے سے عالم اسلام اور خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ دونوں ممالک مشترکہ اور باہمی تعاون سے خطے کی سیکورٹی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلاو جیسے معاملات پر تعاون اور ہمکاری کی ضرورت ہے۔

ٹیگس