Jun ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی سیکورٹی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

پاکستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے قائم مقام وزارت دفاع کے دورہ تہران کے دوران ایران کے محکمہ سرحدی سیکورٹی اور پاکستان کی بحری سیکورٹی ایجنسی کے درمیان تعاون کے سمجھوتے پر دستخط ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: پاکستان کی وزارت دفاع کے رابطہ دفتر نے پیر کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے جنرل حمود الزمان خان نے پاکستان کی وزارت دفاع کے بعض حکام اور پاکستان کی بحری سیکورٹی ایجنسی کے عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد کے ہمراہ دورہ تہران میں ایران کے اپنے ہم منصب اور ایران کی سرحدی سیکورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر احمد علی گودرزئی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ایران کے محکمہ سرحدی  سیکورٹی اور پاکستان کی بحری سیکورٹی ایجنسی کے درمیان تعاون کے سمجھوتے پر دستخط ہوئے۔
پاکستان کی وزارت دفاع نے تعاون کے اس سمجھوتے پر دستخط کا مقصد مشترکہ سرحدی سیکورٹی سمیت سیکورٹی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا قرار دیا۔
فریقین کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور ان کی توسیع کی اہمیت پر بھی تاکید کی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے اس وفد کا دورہ تہران ایسے وقت میں انجام پایا ہے کہ  ایران کی بحریہ کے کمانڈر اڈمیرل شہرام ایرانی پاکستان کے تین روزہ دورے پر اتوار کی رات اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں وہ پاکستان کے مختلف فوجی حکام اور کمانڈروں سے ملاقات کریں گے۔

ٹیگس