Jun ۲۲, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۴ Asia/Tehran
  • فلسطین کا مسئلہ عالم اسلام اور امت مسلمہ کا اہم مسئلہ ہے: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے مسئلہ فلسطین کوعالم اسلام اور امت مسلمہ کا بنیادی مسئلہ قرار دیتے ہوئےفرمایا کہ فلسطین کے مسئلے پر جتنی پیشرفت حاصل ہوگی، عالم اسلام کے مسائل میں بھی پیشرفت حاصل ہوگي-

سحر نیوز/ ایران : رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے اعلی رتبہ وفد نے اسماعیل ہنیہ کی سربراہی میں بدھ کے روز رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر مسئلۂ فلسطین کی درست سمت پیشرفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ فلسطین کی نوجوان اور مومن نسل کا احساس ذمہ داری کرتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی طور پر میدان عمل میں وارد ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آپ  نے گذشتہ چند برسوں کے دوران فلسطین کے حالات میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ماضی میں جوان نسل کے میدان میں نہ آنے کی وجہ سے فلسطین کا مسئلہ بھی جمود کا شکار رہا لیکن اب حالات بدل گئے ہیں اور فلسطینی جوانوں نے عزم و ولولے اور اسلام پر اعتماد کے ساتھ میدان میں قدم رکھا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کو مقاومت و مزاحمت کا محور قرار دیا اور فرمایا کہ غرب اردن کے علاقے میں اب تک اچھی پیشرفت دیکھنے کو ملی ہے اور یہ علاقہ دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردے گا۔ آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ایک دن جنین کے جوان صہیونی افواج کا جینا دو بھر کریں گے اور صیہونی فورسز اپنے اہلکاروں کو محاصرے سے نکالنے کے لئے طیاروں سے مدد لینے پر مجبور ہوجائیں گی لیکن جنین میں چند روز پہلے ایسا ہی ہوا۔ رہبر انقلاب نے فرمایا کہ عالمی سطح پر وسیع پروپیگنڈے کے باوجود حالات فلسطینی عوام کے حق میں ہیں۔ اس سال اسلامی ممالک کے علاوہ یورپ میں بھی القدس کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور شرکاء نے صہیونی حکومت سے کھل کر اپنی مخالفت ظاہر کردی کہ جسے زیادہ سے زیادہ تقویت پہنچانے کی ضرورت ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کی جانب سے فلسطین کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی (رح) نے انقلاب کے آغاز میں ہی ایمان اور دلی اعتقاد کی بنیاد پر فلسطین کی حمایت کا اعلان کردیا۔ ایران کی طرف سے مسئلہ فلسطین کی حمایت، سفارتی یا تیکنیکی نہیں بلکہ فقہ اور شریعت کے اصولوں کی بنیادوں پر استوار ہے۔آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطین کو امت مسلمہ کی سرزمین قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ تمام مسلمانوں پر فلسطین کی آزادی کی جنگ لڑنا واجب اور ایک شرعی ذمہ داری ہے۔

ملاقات کے دوران حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے مسئلہ فلسطین کی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا اور فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔اسماعیل ہنیہ نے رہبرانقلاب اسلام سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم آپ کی موجودگی میں اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ مزاحمتی گروہ، فلسطین کی سرزمین سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور قدس کی آزادی تک جدوجہد اور جہاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ خداوند عالم کے لطف و کرم سے اور فلسطین کی نوجوان اور مومن نسل کی مدد سے مستقبل قریب میں مسجد الاقصی، غاصبوں کے  چنگل سے آزاد ہو جائے گی اور آپ کے ساتھ ہم سبھی وہاں نماز ادا کریں گے-

ٹیگس