ایران کے وزیر پیٹرولیم کی سعودی اور اماراتی وزرائے پیٹرولیم سے ملاقات
ایران کے وزیر پیٹرولیم اورسعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی نے ویانا میں اوپیک کے آٹھویں بین الاقوامی سیمینار کے موقع پر ملاقات کی اور تیل کی عالمی منڈی کی صورت حال اور اس صنعت میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پیٹرولیم جواد اوجی اور سعودی عرب کے وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے ویانا میں پٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک (OPEC) کی تنظیم کے آٹھویں بین الاقوامی سیمینار کے موقع پر ملاقات میں خام تیل کی عالمی منڈیوں کی موجودہ صورت حال، تیل کی منڈی کے مستقبل، موجودہ اورمستقبل کے مطلوبہ فیصلوں اور خام تیل کی قیمتوں کے ٹیرف پر تبادلہ خیال کیا۔
اوجی اور بن سلمان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں تیل اور گیس کی صنعت میں سرمایہ کاری اور مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اوپیک کے آٹھویں بین الاقوامی سیمینار کے موقع پر دونوں ملکوں کے وزیر توانائی کے درمیان ہائیڈرو کاربن مواد کی تجارت اور مشترکہ شعبوں کی ترقی جیسے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس کے علاوہ ایران اور متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی کے مابین بھی ویانا میں ملاقات ہوئی جس میں تیل سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب کو اوپیک اور اوپیک پلس اتحاد (OPEC Plus) کے فیصلوں میں دو بااثرممالک کی حیثیت حاصل ہے۔ لہذا اس ملاقات میں ایران کے وزیر تیل اور سعودی عرب کے وزیر توانائی نے اوپیک اور اوپیک پلس سے متعلق فیصلے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مستقبل سے مربوط مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔