ایران اور کینیا کے صدور کی ملاقات اور 5 معاہدوں پر دستخط
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران اور کینیا میں تعاون کی بہت گنجائش ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کی سطح کو 10گنا بڑھانے پر اتفاق کیا گيا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے آج ایران و کینیا کے وفود کے درمیان ایوان صدرمیں مذاکرات اور 5 معاہدوں پر دستخط کے بعد، کینیا کے صدر ولیم روٹو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم براعظم افریقہ کی تمام حکومتوں کی سمت گرمجوشی سے دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہيں اور ہمیں یقین ہے کہ دونوں قوموں کے تعلقات روز بروز فروغ پائیں گے۔
صدرمملکت نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی برکت اور قائد انقلاب اسلامی کی رہنمائیوں کی وجہ سے ایران، دھمکیوں اور پابندیوں کے سامنے ڈٹ جانے اور سائنس و ٹیکنالوجی اور اقتصادی شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کینیا کی حکومت اور عوام کی میزبانی کی قدردانی کرتے ہوئے تہران اور نایروبی کے تعلقات ماضی سے زیادہ فروغ پانے کی توقع کا اظہار کیا۔
اس پریس کانفرنس میں کینیا کے صدر ولیم ساموئی روٹو نے بھی ایران اور کینیا کے درمیان ہونے والے معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ایران کینیا میں کار فیکٹری لگائے گا اور سواحیلی ناموں والی ایرانی کاریں، کینیا میں بنائی جائيں گی۔
کینیا کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک ایرانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتا ہے اور کینیا میں ان کے لئے مناسب ماحول فراہم کیا جائے گا۔