Jul ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران نے زینبیہ میں ہونے والے دہشتگردانہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کی

ایران نے دمشق کے مضافاتی علاقے زینبیہ میں ہونے والے دہشتگردانہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے زینبیہ میں ہونےوالے دہشتگردانہ دھماکوں کی سخت مذمت کی ہے جس میں کئی افراد شہید و زخمی ہوئے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کی حکومت، قوم اور واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حالت میں کہ جب شامی عوام کو امریکہ اور بعض مغربی ملکوں کی ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کا سامنا ہے، عالمی برادری کی خاموشی کی بنا پر امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کے حمایت یافتہ دہشتگرد اور وحشی عناصر مزید گستاخ ہو گئے ہیں اسی لئے وہ اس طرح کی خطرناک اور وحشتناک کارروائیاں کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے زینبیہ میں ابو عجیب اور ابوالفضل العباس ہیڈ کوارٹروں کے قریب عزاداروں کیلئے لگائی گئی سبیل کے قریب زور دار دھماکوں کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور عورتوں اور بچوں سمیت 29 افراد زخمی ہوئے۔

اسی دوران عراق کے العہد ٹی وی چینل نے حضرت زینب (ع) کے روضے کے قریب ایک خودکش حملہ آور کو گرفتار کیے جانے کی خبر دی ہے۔

ٹیگس