Aug ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۴ Asia/Tehran

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: فارس خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات کی۔
ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے یہ پہلی ملاقات ہے۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کے روز ریاض میں ایک دوسرے سے ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اس ملاقات میں اپنے ایرانی ہم منصب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریاض حکومت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہم ایکسپو کے انعقاد کے لیے ایران کی حمایت کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ اپنی ملاقات اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی سلامتی کے لیے ماضی کی کوششوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان اتفاق رائے کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی استحکام کی مضبوطی کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں  ممالک کے سفیروں نے کام شروع کردیا ہے جو سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کا نیا باب رقم کرے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اچھی مہمان نوازی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب دنیا اور مغربی ایشیا کے دو اہم ممالک ہیں اور خوش قسمتی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں ہم نے تعلقات کی جامع ترقی کے لیے تہران اور ریاض کے مشترکہ ارادے پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بحال ہونے کے بعد دو روزہ دورے پر گزشتہ روز ریاض پہنچے تھے جہاں انہوں نے سعودی ہم منصب سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ٹیگس