رواں سال میں دو سے تین سیٹیلائٹ خلا میں بھیجے جائیں گے، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیرمحمد رضا آشتیانی نے کہا ہے کہ رواں سال میں دو سے تین سیٹیلائٹ خلا میں بھیجے جائیں گے۔
سحر نیوز/ ایران: ایرانی وزیر دفاع محمد رضا آشتیانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے جو سیٹیلائٹ مدار میں بھیج سکتے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے، کہ دشمنوں کے پاس بہت زیادہ ساز و سامان ہے لیکن اس کے باوجود ان کی بوکھلاہٹ عروج پر ہے، کہا کہ افغانستان، عراق، شام اور دوسری جس جگہ بھی دشمنوں کا سامنا ایران سے ہوا ان کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں۔
محمد رضا آشتیانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اپنی طاقت کی اعلی ترین منزل پر ہے اس لئے دشمن کو کسی بھی طرح کی حماقت کا خیال اپنے دماغ سے نکال دینا چاہئے۔
ایران نے گزشتہ چار عشروں کے دوران خلائی ٹیکنالوجی میں مسلسل ترقی و پیش رفت کی ہے۔ اگرچہ دشمنوں نے گونا گوں پابندیوں کے ذریعہ خلائی ٹیکنالوجی سمیت ایران کی سائنسی اور اقتصادی ترقی و پیش رفت کے آگے بند باندھنے کی کوشش کی لیکن ہر طرح کی پابندیوں اور دباؤ کے باجود اسلامی جمہوریہ ایران نے مختلف قسم کی خلائی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرلی ہے اور یہ ایران کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔