ایرانی وزیر خارجہ بیروت میں، لبنان اور فلسطینی تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ نے بیروت میں لبنان اور فلسطین کی استقامتی تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ان نشستوں کو انتہائی مفید اور موثر قرار دیا گیا ہے. ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے شام کا دورہ مکمل کرنے کے بعد، جہاں انہوں نے شام کے صدر، وزیراعظم اور اپنے ہم منصب سے الگ الگ ملاقات کی، جمعرات کو لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے۔ بیروت ہوائی اڈے پر لبنان کی وزارت خارجہ کے عہدے داروں نے ان کا استقبال کیا۔
اپنے دورۂ بیروت کے موقع پر، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ سے ملاقات اور لبنان اور خطے کے تازہ حالات کے بارے میں گفتگو کی۔ اس ملاقات میں خطے اور دنیا کی اہم ترین صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ ایران کے وزیرخارجہ اور حزب اللہ کے سربراہ کی ملاقات کی تفصیلات ابھی سامنے نہيں آسکی ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس کے علاوہ حماس اور جہاد اسلامی فلسطینی تنظیموں کے سربراہوں سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے اس موقع پر اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطینیوں، استقامتی محاذ اور فلسطینی کاز کی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا۔ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے مذکورہ ملاقات کے دوران غرب اردن کے مغربی کنارے کی حمایت پر مبنی رہبر انقلاب اسلامی کی واضح ہدایات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کی جارحیت کے مقابلے میں استقامتی محاذ کی حمایت، تہران کی ایسی پالیسی ہے جو کبھی بھی تبدیل نہیں ہوگی۔ اس موقع پر فلسطین کی حماس اور جہاد اسلامی تنظیموں کے سربراہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ غرب اردن میں ہونے والی استقامتی کارروائیوں کے اس مرحلے میں پسپائی کا سوال تک نہیں اٹھتا۔