Sep ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۸ Asia/Tehran

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے نکاراگوا کے وزیر خارجہ ڈینس مونکادا سے یو این اجلاس کے دوران نیویارک میں ملاقات کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور نکاراگوا کے وزیر خارجہ ڈینس مونکادا کے درمیان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران ملاقات ہوئی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے نکاراگوا ہم منصب سے بات کرتے ہوئے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور نکاراگوا کے صدر ڈنیل اورتگا کے درمیان مختلف معاملات خصوصاً اقتصادی تعاون کے فروغ پر ہوئی بات چیت اور اتفاق رائے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعلقات کے فروغ کو مزید تیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور زراعت، ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر شعبوں میں ہوئے اتفاق رائے اور معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے میں سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کی نشست کے لئے کام شروع کرنے پر بھی تاکید کی۔
نکاراگوا کے وزیر خارجہ ڈینس مونکادا نے کہا کہ ہمارے درمیان دو طرفہ روابط کے فروغ کےلئے واضح روڈمیپ موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور نیکاراگوا دو زرعی ملک ہیں اور اس میدان میں ایک دوسرے سے اچھا تعاون کر سکتے ہیں۔

ٹیگس