Oct ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • خواتین کے بارے میں مغربی ملکوں کے دعوے غلط اور بے بنیاد: صدر رئیسی

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ خواتین کے بارے میں مغربی ملکوں کے دعوے غلط اور بے بنیاد ہيں اور ان دعوؤں سے وہ صرف غلط فائدہ اٹھاتےہيں ۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے انٹرنیشنل خورشید میڈيا فیسٹیول کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کی تحریک کے دوران خواتین نے ظالم شاہی حکومت کے مقابلے میں انتہائی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دفاع مقدس کے دوران اور اس کے بعد سیاسی سماجی اور ثقافتی میدانوں میں بھی ایرانی خواتین نے بے مثّال اورغیرمعمولی کردار پیش کیا ہے۔

ایران کے صدر نے کہا کہ آج مغربی ممالک خواتین کے حقوق کے دفاع کے مسئلے کو صرف اپنے فائدے اور خود مختار ملکوں پر دباؤ ڈالنے کے لئے استعمال کرتے ہيں جبکہ نہ تو وہ انسانی حقوق کے طرفدار ہیں اور نہ ہی انہيں خواتین کے حقوق سے کوئی سرو کار ہے۔

صدر رئیسی نے کہا کہ مغربی ممالک پچھلے ستر برسوں سے فلسطینی قوم کے حقوق کو نظر انداز کررہے ہيں اور افغانستان میں ان کی بیس سال تک موجودگی کا نتیجہ قتل اور تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہيں نکلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مغربی ممالک مقدس ترین آسمانی کتاب قرآن کریم کی توہین کرتے ہیں اور اس شرمناک اور گھناؤنے اقدام کا جواز آزادی بیان کی آڑ میں پیش کرتے ہیں جبکہ اس طرح کے اقدامات آزادی بیان اور انسانی حقوق کے خلاف ہیں۔

ٹیگس