Oct ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
  • غزہ کے ہسپتال پر حملے نے صیہونی حکومت کی درندگی اور انسانیت مخالف ماہیت کو ظاہر کردیا: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت نے ایک بیان میں صیہونیوں کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے المعمدانی ہسپتال پر بمباری کے جرم کے ذریعے فلسطین اور خطے کے مسلمانوں کے ہاتھوں اپنی نابودی کو یقینی بنایا ہے اور یقینا اس جرم کا جواب دیا جائے گا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت نے بدھ کے دن ایک بیان جاری کیا ہے جس میں آیا ہے کہ غزہ میں واقع معمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباری سے دنیا کو شاک لگا ہے اور ہر آزاد انسان غم و غصے میں مبتلا ہو چکا ہے۔

بیان میں مزید آیا ہے کہ صیہونی حکومت نے اپنے اس جرم کے ذریعے، کہ جو انسانیت کے خلاف جنگی جرم، نسل کشی اور نہتے بیماروں، خواتین اور بچوں کا قتل عام ہے، اپنی درندگی، کمینے پن، تمام انسانی قوانین سے بے پروائی اور اپنی انسانیت مخالف ماہیت کو ظاہر کردیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت نے مزید کہا ہے کہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے اس عظیم جرم کا نوٹس نہ لیا جانا مظلوم فلسطینی عوام پر دہرا ظلم اور انسانیت اور انسانی تمدن کے ساتھ واضح خیانت ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت نے صراحت کے ساتھ کہا ہےکہ بلا شبہ خواتین اور معصوم بچوں اور بیماروں سے بھرے ہوئے ہسپتال پر حملےسے اس حکومت کے انسانیت مخالف اقدامات میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ ہو گيا ہے۔ اس حکومت اور اس کے حامیوں کو تاریخ میں ہمیشہ ذلت کے ساتھ یاد کیا جائے گا۔ اور اس حکومت کے تمام حامی ، کہ جو اپنے فوجی اور مختلف طرح کا تباہ کن اسلحہ بھیجنے نیز ہر طرح کی سیاسی حمایت کرنے کی وجہ سے اس حکومت کو غزہ کے لوگوں کے قتل عام کی ترغیب دیتے ہیں، اس حکومت کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں اور وہ اہل عدالتوں ، انسانی ضمیر اور تاریخ کے سامنے جوابدہ ہیں۔

بیان میں مزید آیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے اور غاصبوں کے ظلم و جور سے آزادی پانے پر مبنی فلسطین کے مظلوم عوام کے جائز اور قانونی حق کو صراحت کے ساتھ بیان کرتے ہوئے استقامت کی دوٹوک حمایت کرتا ہے اور اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ اب ضروری ہوگيا ہےکہ تمام مسلمان اقوام اور اسلامی حکومتیں اس ناجائز حکومت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں اور تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس بے پناہ ظلم اور بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کا خاتمہ کر دیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک اور تمام آزادی پسند اور آزاد حکومتوں اور سبھی عالمی اداروں کو فلسطین اور استقامت کی بھرپور حمایت کے لئے متحد ہو جانا چاہئے اور ناجائز اور غیر قانونی صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کرتے ہوئے اس ناجائز حکومت کے سفیروں اور نمائندوں کو ممالک اور بین الاقوامی ادروں سے نکال باہر کرنا چاہئے۔

اس بیان میں صراحت کے ساتھ کہا گيا ہے کہ صیہونی حکومت نے معمدانی ہسپتال پر بمباری کے جرم کے ذریعے فلسطین اور خطے کے مسلمانوں کے ہاتھوں اپنی نابودی کو یقینی بنا لیا ہے اور یقینا اس جرم کا جواب دیا جائے گا اور یورپی ممالک اور امریکہ کو اس جرم کے سلسلے میں جوابدہ ہونا پڑے گا کیونکہ وہ اس حکومت کے جنگی جرائم میں برابر کے شریک اور غزہ کے نہتے عوام اور خواتین اور بچوں کے قتل عام میں ملوث ہیں۔

ٹیگس