Nov ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • غزہ میں اسرائیلی جارحیت بھیانک، غرور، تکبراور ظلم و زیادتی کی آئينہ دارہے: صدر ایران

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ شہدائے فلسطین کے خون کی برکت سے دنیا کےعوام بیدار ہوگئے اورانہوں نے دوست اور دشمن کے فرق کو سمجھ لیاہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ایران کے شہر سنندج میں عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین کی صورتحال دنیا کے مسلمانوں اور اقوام عالم کے لئے دردناک ہے اور یہ صورتحال دشمنان اسلام کی پیدا کی ہوئی ہے۔

صدر مملکت ابراہیم رئیسی نے جمعرات کو صوبۂ کردستان کے شہر سنندج کے آزادی اسکوائر میں عوام کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ آج ہم غزہ میں جن حالات کا مشاہدہ کر رہے ہيں وہ آپ سب کے لئے اور تمام مسلمانان عالم اور اقوام عالم کے تکلیف دہ اور اذیتناک ہے-

ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ایک بھیانک، کریہہ اور سیاہ منظر ہے۔ اور غرور، تکبر، ظلم و زیادتی اور جارحیت کا ایسا منظر ہے کہ لوگ ایسے درندہ صفت انسانوں کو انسان کہتے ہوئے کراہت محسوس کرتے ہیں، یقینا یہ انسان نہیں بلکہ جانور اور اس سے بھی بدتر ہیں ۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ان تمام مسائل کے باوجود فلسطینی جوان استقامت، عزت، احترام اور دشمنوں کے سامنے ہتھیار نہ ڈالنے کے راستے پر گامزن ہیں اور ہمیں ان کی اس استقامت و پائمردی اور قربانیوں پر فخر کرنا چاہیے۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ آج دنیا نے محسوس کرلیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف جرائم کے اصلی عامل امریکی ہیں، وہ انسانی حقوق پامال کر رہے ہيں اور جو انسانی حقوق کے دعویدار اور ٹھیکدار بنے ہوئے ہیں وہی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔

صدر رئیسی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی حکومت ایک ایسی حکومت ہے جس کی بنیاد قتل و غارت اور جارحیت پر مبنی ہے اور ایک جعلی حکومت ہے کہا کہ دنیا کی بہت سی قوموں اور ممالک نے اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی درستگی کو درک کرلیا ہے اور شہدائے فلسطین اور شہدائے اقصی کے خون کی برکت سے دنیا بھر کے عوام بیدار ہوگئے ہیں اور انہوں نے دوست اور دشمن کے فرق کو سمجھ لیا ہے۔

ٹیگس