Nov ۰۸, ۲۰۲۳ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران نے پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود مختلف شعبوں میں بہت اچھی ترقی کی ہے، صدر مملکت ابراہیم رئیسی

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران نے مختلف شعبوں میں، خاص طور سے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت اچھی ترقی و پیش رفت  کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران کے پاس توانائی، زراعت اور صنعت و معادن کے شعبوں میں بہت اچھے تجربات اور صلاحیت ہے اور ان تجربات کو تاجکستان کے عوام کے ساتھ شیئر کرنے کے لئے تیار ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایرانی قوم اور نو جوانوں نے پابندیوں اور دھمکیوں کو مواقع میں بدلنے کا فیصلہ کیا اور آج اسلامی ایران میں یہ مواقع پوری طرح سے دکھائی دے رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مزید کہا کہ ایران اور تاجکستان کے درمیان بہت سے ثقافتی مشترکات پائے جاتے ہیں اور دونوں ممالک میں ثقافتی شعبوں کے فعال ہونے سے ثقافتی ترقی اور فارسی زبان کے فروغ کی سمت سنجیدہ اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں رونما ہونے والے تغیرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کے تمام مسلمانوں کے دل میں غم ہے اور اس غم نے دنیا کے تمام باضمیر انسانوں کو مظلوم فلسطینیوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جس بات پر زور دیتا ہے وہ غزہ پٹی میں فلسطینی عوام پر حملوں کا فوری بند کیا جانا اور فلسطین میں نسل کشی اور بچوں کے قتل عام کا خاتمہ ہے۔

تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے بھی ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ سمجھوتوں سے تعاون کی سطح میں اضافہ ہوگا۔

تاجکستان کے صدرامام علی رحمان نے فلسطین پر صیہونی حکومت کے حملے اور غزہ پٹی میں ہزاروں افراد بالخصوص مظلوم اور بے گناہ خواتین اور بچوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے غزہ پٹی میں جامع جنگ بندی کے قیام کی کوششوں پر زور دیا۔

 

ٹیگس