Nov ۱۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • جنیوا میں غزہ کی صورتحال کے بارے میں تبادلۂ خیال کے بعد امیرعبداللہیان کی تہران واپسی

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، جنیوا میں غزہ کے بارے میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات اور مذاکرات کے بعد جمعے کی صبح تہران واپس پہنچ گئے ہیں

سحرنیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سوئٹزر لینڈ میں انسانی حقوق کی تنظیموں، انسان دوستانہ امدادی اداروں اور جنیوا کے دفتر میں تعینات اقوام متحدہ کے اعلی حکام، انسانی حقوق کے لئے سرگرم افراد اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے غزہ کے بارے میں مذاکرات کئے۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ان ملاقاتوں میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں، غزہ اور مغربی کنارے کے باشندوں ، عام شہریوں ، خواتین اور بچوں کے قتل عام کی روک تھام کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جنیوا میں فرانس کی وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا کہ ہم نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں جنگ جاری رہنے کی صورت میں جنگ کا دائرہ مزید پھیلنے کا ہر طرح کا خطرہ موجود ہے-

ساتھ ہی انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنیوا میں جتنے عہدیداروں سے ملاقات ہوئي سب کا یہی کہنا ہے کہ صیہونی حکومت غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی کی مرتکب ہورہی ہے اور سبھی بین الاقوامی عہدیداروں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ غزہ میں جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہئے

ٹیگس